بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار راج کپور نے اپنی پوتی و اداکارہ کرشمہ کپور کی پیدائش پر ان سے ملنے کے لیے اسپتال آنے کے لیے ایک انوکھی شرط رکھی تھی۔
کرشمہ کپور کی والدہ ببیتا نے راج کپور کی بیٹی ریتو نندا کی لکھی ہوئی کتاب ’راج کپور: دی ون اینڈ اونلی شو مین‘ میں انکشاف کیا ہے کہ جب 1974ء میں کرشمہ کپور کی پیدائش ہوئی تھی تو اُس وقت راج کپور کے علاوہ پورا کپور خاندان اسپتال میں میرے پاس موجود تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ راج کپور نے کہا تھا کہ اگر اُن کی پوتی کی آنکھیں نیلے رنگ کی ہوں گی تو صرف اسی صورت میں وہ اس سے ملنے کے لیے اسپتال آئیں گے۔
ببیتا نے بتایا کہ اس لیے ہم نے شکر ادا کیا تھا کہ میری بیٹی کی آنکھیں اپنے دادا راج کپور کے جیسی نیلے رنگ کی تھیں۔
ریتو نندا نے اپنی اس کتاب میں یہ بھی بتایا ہے کہ کرشمہ کپور نےجب صرف 17 سال کی عُمر میں بالی ووڈ انڈسٹری میں قدم رکھا تو راج کپور نے ناصرف اپنی پوتی کی حوصلہ افزائی کی بلکہ یہ پیش گوئی بھی کی کہ وہ مستقبل میں بھارتی فلم انڈسٹری کی کامیاب اداکاراؤں میں سے ایک ہوں گی۔
یاد رہے کہ راج کپور 1988ء میں 63 سال کی عمر میں دُنیا سے کوچ کر گئے تھے۔