• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان کے بالی ووڈ میں 38 سال مکمل، مداحوں کا جشن

سلمان خان---فائل فوٹو
سلمان خان---فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے بھارتی فلم انڈسٹری میں اپنے 38 سال مکمل کر لیے، جس پر ان کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جشن منایا گیا۔

سلمان خان نے 1988ء میں فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے بطور معاون اداکار اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، تاہم ایک سال بعد فلم ’میں نے پیار کیا‘ میں ’پریم‘ کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا اور وہ صفِ اوّل کے رومانوی ہیرو بن گئے۔

38 سالہ فلمی سفر کے دوران سلمان خان نے ایکشن، کامیڈی، رومانوی اور خاندانی موضوعات پر مبنی متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کی اور مختلف یادگار کردار نبھائے۔

سلمان خان نے اداکاری کے ساتھ فلم پروڈکشن کے شعبے میں بھی قدم رکھا اور ’چِلر پارٹی‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ سمیت متعدد فلموں سے بطور پروڈیوسر وابستہ رہے۔

فلم انڈسٹری میں 38 سال مکمل ہونے پر سلمان خان فلمز نے سوشل میڈیا پر ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں اداکار کے مختلف مشہور کرداروں اور فلمی کیریئر کے یادگار لمحات کو شامل کیا گیا ہے۔

ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا ہے کہ 38 سال، ایک غیر معمولی سفر، ایک ایسا نام جو ایک جذبہ بن گیا۔

سلمان خان کے 38 سالہ فلمی سفر کی مناسبت سے مداحوں نے سوشل میڈیا پر 38YearsOfSalmanKhanEra# ہیش ٹیگ استعمال کیا اور اپنے پسندیدہ اداکار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

38 سال گزرنے کے باوجود سلمان خان کی مقبولیت برقرار ہے اور وہ آج بھی بڑی تعداد میں مختلف نسلوں کے مداح رکھتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید