بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کا چالان سامنے آگیا۔
ایف آئی اے چالان کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے سعودی عرب دورہ میں حاصل تحائف توشہ خانہ میں جمع نہیں کرائے۔
چالان میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے مئی 2021 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، انہیں مختلف ممالک کے سربراہان مملکت سے 108 تحائف ملے۔
توشہ خانہ ٹو کیس کے چالان میں کہا گیا کہ تحائف کی مکمل تفصیلات توشہ خانہ میں جمع نہیں کروائی گئیں۔
ایف آئی اے چالان میں یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے 58 تحائف اور باکسز کو توشہ خانہ سے حاصل کیا،انہوں نے58 میں سے 14 تحائف کی مالیت3 کروڑ80 لاکھ روپے لگائی۔
چالان میں کہا گیا کہ تحائف میں بلغاری جیولری سیٹ بھی شامل ہے، جس کی اصل مالیت نہ لگائی جاسکی، بلغاری جیولری سیٹ وزیراعظم کی اہلیہ کو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیا گیا تھا۔
ایف آئی اے چالان میں بتایا گیا کہ بلغاری سیٹ میں ایک عدد بریسلیٹ، انگوٹھی، جھمکے اور نیکلس شامل تھا، یہ پورا سیٹ بیش قیمت اور نوادراتی تھا۔
چالان کے مطابق سیٹ میں شامل انگوٹھی میں گلابی رنگ کا ہیرا جڑا تھا، بریسلیٹ میں بھی گلابی ہیروں اور دیگر جواہرات کی لڑی تھی، نیکلس میں بھی بیش قیمت موتی اور گلابی ہیرے لگے تھے، جھمکوں میں 18 قیراط کے ہیرے اور دیگر جواہرات شامل تھے۔