فٹ سی رسل انڈیکس کی ری بیلنسنگ پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروبار کا منفی دن رہا۔
پی ایس ایکس بینچ مارک 100 انڈیکس 223 پوائنٹس کم ہو کر 81 ہزار 850 پوائنٹس پر بند ہوا۔
معاشی تجزیہ نگار عبدالرحمان کے مطابق عالمی سرمایہ کاری کےلیے بین الاقوامی فنڈ فٹ سی رسل انڈیکس کو ٹریک کرتے ہیں۔ فٹ سی رسل نے پاکستان کو ایمرجنگ مارکیٹ سے فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس میں منتقل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنگ مارکیٹ انڈیکس ٹریک کرنے والے سرمایہ کاروں نے اپنے سرمایہ کاری فروخت کی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ منفی رہی۔ البتہ کاروباری دن میں 100 انڈیکس نے نئی ریکارڈ بلند ترین سطح 82 ہزار 463 بھی بنائی ہے۔
عبدالرحمان کے مطابق بازار شرح سود کی کمی کے بعد لیکیوڈ ہے اور رواں ہفتے آئی ایم ایف ایگزیکیٹو بورڈ سے نئے پروگرام ملنے کی خبروں سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی بھی برقرار ہے اور وہ احتیاط بھی برت رہے ہیں۔
حصص بازار میں آج مسلسل چوتھے روز 50 کروڑ شیئرز سے کم کے سودے ہوئے۔ آج 40 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 18 ارب 69 کروڑ روپے سے زائد رہی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14 ارب روپے کم ہو کر 2 ہزار 708 ارب روپے ہے۔