برطانوی وزیر اعظم سر کئیر اسٹارمر نے لبنان کی صورتحال پر اظہار تشویش کیا ہے۔ انھوں نے کہا اسرائیلی کے راکٹ حملوں سے ہزاروں افراد لبنان چھوڑنے پر مجبور ہیں۔
لیور پول میں بطور وزیراعظم لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس سے پہلا خطاب کرتے ہوئے سر کئیر اسٹارمر نے کہا لبنانی حکام کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں 550 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حملوں میں درجنوں بچے بھی ہلاک ہوئے۔
سر کئیر اسٹارمر نے اس موقع پر غزہ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا۔ انھوں نے غزہ کے مسئلے کے حل کیلئے دو ریاستی حل پر زور دیا۔
انکا کہنا تھا کہ وہ آج اقوام متحدہ کے جنرل کونسل اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہوں گے۔
برطانوی وزیر اعظم سر کئیر اسٹارمر نے کہا سرنگ کے آخر میں روشنی ہے، مشترکہ جدوجہد سے ملک کو کو آگے لے کر جائیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ جیت پر فخر کریں، کامیابی پارٹی میں تبدیلیوں کا نتیجہ ہے، پہلے ملک اور پھر پارٹی صرف نعرہ نہیں، خدمت کا سفر نہیں رکے گا۔
سر کئیر اسٹارمر نے کہا تبدیلی کا آغاز، تنخواہ کے تنازع کا حل، پلاننگ لا میں تبدیلی اور ریلوے کو عوامی ملکیت میں لانے سے شروع ہوچکا۔
انھوں نے کہا سابق فوجیوں کو حکومت گھر فراہم کرے گی، انھوں نے ہمارے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا گھریلو تشدد کا شکار افراد کو تحفظ اور چھت دیں گے۔ گریٹ برٹش انرجی کمپنی ایبرڈین میں قائم کی جائے گی۔
سر کئیر اسٹارمر نے کہا حکومت کے بہت سے فیصلے غیر مقبول ہوں گے لیکن ہم لاگت منصفانہ طور پر تقسیم کریں گے۔ اسامیاں پُر کرنے کیلئے تارکین وطن پر انحصار کے بجائے مقامی افراد کو تربیت فراہم کریں گے۔
انھوں نے ملک میں ہونے والے ہنگاموں کی بھی مذمت کی۔ انکی تقریر کے دوران ایک شخص کے احتجاج پر سر کئیر اسٹارمر نے کہا کہ اب پارٹی تبدیل ہوگئی ہے اسی لیے ہم حکومت میں ہیں۔
لندن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر تقریر کرنے اسٹیج پر پہنچے تو شرکا نے کھڑے ہوکر استقبال کیا، ہال میں وزرا کے علاوہ 404 لیبر اراکین پارلیمنٹ میں سے صرف 100 اراکین کیلئے نشتیں مخصوص تھیں۔