• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب آکر قانون کی خلاف ورزی کرو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا، مریم نواز


وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب آکر قانون کی خلاف ورزی کروگے تو منہ توڑ جواب ملے گا۔ پنجاب کے عوام کو دہشت گرد بنانے چلے ہو، مریم نواز یہ نہیں ہونے دے گی۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے یہاں آکر جلسے کیے جاتے ہیں، وہ لوگ جب منہ کھولتے ہیں تو غلاظت ہی نکلتی ہے، ان پر ذومعنی جملے کسنے والا، اے کے 47 ہوا میں لہرانے والا اور گاڑی کے شیشے توڑنے والا وزیراعلیٰ قوم کو کیا درس دے رہا ہے؟

مریم نواز نے کہا کہ آج یہاں جلسہ، کل وہاں جلسہ، جلسے ہی کرتے رہو گے تو کام کب کرو گے؟ تمہارے صوبے کے لوگ بھوک سے مر رہے ہیں اور تم دوسرے صوبے پر لشکر کشی کر رہے ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں دہشت گردوں کا راج نہیں، پنجاب 6 بجے بند نہیں ہوتا، قانون کے تحت چلتا ہے۔

انہوں نے ملکی سیاسیت پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ سیاست کو بدنام کیا ہوا ہے، اچھی سیاست نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا، نوجوانوں کے نعرے لگانے والے بہت آئے بہت دیکھے آپ نے، 6 سال میں ایک نوجوان کو میرٹ پر نوکری ملی؟

مریم نواز نے سوال اٹھایا کہ کیا آپ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں گالم گلوچ ہو؟ جلاؤ گھیراؤ، گالی نکالنا آسان کام ہے، کیا ایسا پاکستان چاہتے ہو جس میں چور ڈاکو کے جھوٹے الزامات ہوں، جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب ہو۔

انہوں نے کہا کہ ڈگری لے کر باہر نکلتے ہو تو طعنے سننا پڑتے ہیں کہ آپ روٹی توڑ رہے ہو۔ آپ ڈگری لے کر جاتے ہو، نوکری نہیں ملتی، مجھے احساس ہے، پنجاب میں نوکری دیتے وقت کسی نے پوچھا کہ وہ کونسی پارٹی کا ہے تو مجھے بتاؤ؟

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس اسپتال میں جاتی ہوں خیبر پختون خوا کے مریض ملتے ہیں۔ ہارٹ سرجری پروگرام شروع کیا، 100 سے زائد بچوں کی ہارٹ سرجری کر چکے، ہارٹ سرجری میں زیادہ تر خیبر پختون خوا کے بچے تھے۔

قومی خبریں سے مزید