• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی نے راولپنڈی میں جلسے کیلئے درخواست واپس لے لی


پاکستان تحریکِ انصاف نے راولپنڈی میں جلسے کے لیے دائر درخواست واپس لے لی۔

پی ٹی آئی قیادت نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں دائر درخواست واپس لے لی ہے۔

بانیٔ پی ٹی آئی نے راولپنڈی جلسے کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بانیٔ پی ٹی آئی 28 ستمبر کو راولپنڈی میں ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا تھا اور کہا تھا کہ انتظامیہ اور عدالتوں نے ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دینی۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسے کے بجائے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج ہو گا، ہم لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے درخواست واپس لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ انتظامیہ جلسے کی اجازت نہیں دے گی تو پھر بھی عوام باہر نکلیں گے، جلسے کے بجائے اب ہم راولپنڈی میں ہفتے کو بھرپور احتجاج کریں گے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں ممکنہ احتجاج کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں کے گھر پر پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہریار ریاض، راجہ بشارت، عاطف ریاض اور راشد حفیظ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما گھر پر نہیں تھے جس کی وجہ سے کوئی گرفتاری نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید