اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریکِ انصاف کے رہنما شبلی فراز کا نام ایک ہفتے میں ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو سیکریٹری داخلہ آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔
شبلی فراز نے عدالتی حکم پر ای سی ایل سے نام نہ نکالنے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔
آج اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ ابھی تک ای سی ایل سے نام نہیں نکالا گیا کیا؟
عدالت میں وکیل نے جواب دیا کہ نہ بتا رہے ہیں نہ رپورٹ دے رہے ہیں۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ یہ معاملات وہاں اسمبلی میں کیوں نہیں بتاتے، پارلیمنٹیرین ہیں۔
بعدازاں عدالت نے ایک ہفتے میں نام ای سی ایل سے نکال کر آگاہ کرنے کا حکم دیا اور عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں سیکریٹری داخلہ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔