پاکستان تحریکِ انصاف کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود نام سفری پابندی کی فہرست سے نہیں نکالا گیا، توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں زرتاج گل کی توہین عدالت اور اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت میں سرکاری وکیل نے کہا کہ زرتاج گل کے خلاف ڈیرہ غازی خان میں ایف آئی آر درج ہے۔
زرتاج گل کے وکیل نے کہا کہ ہماری اس کیس میں ضمانت کنفرم ہوچکی ہے، ہم نے اس ایف آئی آر میں ضمانت کنفرم ہونے کی متفرق درخواست بھی دی۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہا کہ 5 ستمبر کو اس کیس میں ضمانت کنفرم ہو چکی ہے، یہ خفیہ ایف آئی آر درج کرلیتے ہیں اور نام سفری پابندی کی فہرست میں ڈال دیتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکاری وکیل کو کل تک ہدایات لے کر آگاہ کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہائیکورٹ نے زرتاج گل کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کا حکم دیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے اس حوالے سے احکامات جاری کیے تھے۔