وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عاطف اکرام شیخ نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا۔
اپنے ایک بیان میں عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے ناقص سسٹم کی وجہ سے ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی مشکلات کم کرنے کے لیے ایف بی آر کے سسٹم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، حکومت ٹیکس دہندگان کو سہولیات فراہم کرے تو ٹیکس نیٹ میں بڑا اضافہ ممکن ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ایف بی آر نان فائلرز کے خلاف سخت اقدامات کے ساتھ ٹیکس سسٹم بہتر کرنے پر توجہ دے، ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے طریقۂ کار کو آسان بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا ہے کہ اب تک صرف 26 لاکھ لوگوں نے ٹیکس ریٹرن فائل کیے، یہ اعداد و شمار مایوس کُن ہیں، یکم جولائی 2023ء سے اب تک 8 لاکھ 44 ہزار سے زائد نئے ٹیکس پیئرز کا اضافہ ہوا ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے یہ بھی کہا ہے کہ تاریخ میں توسیع سے گوشوارے جمع کرانے والوں کی مجموعی تعداد 70 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔