پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کےلیے ملنے والا عالمی امدادی فنڈ جیب میں رکھ لیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ورلڈ بینک سے سیلاب متاثرین کے لیے 400 ملین ڈالرز فنڈ کا بندوبست انہوں نے بطور وزیر خارجہ کیا تھا، وفاق نے ڈالرز جیب میں رکھ لیے، بلوچستان کو روپے دے رہے ہیں اس پر بھی استعمال اپنے ہاتھ میں رکھا ہے، ابھی تک ایک گھر بنا کر نہیں دیا۔
کوئٹہ میں سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں حکومت سازی کے معاہدے کی پہلی شرط سیلاب متاثرین کی بحالی تھی۔
لائرز فورم سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اس مرتبہ کسی دھمکی میں نہیں آئيں گے، نہ صرف آئينی عدالت بنانا بلکہ ججز تقرری کےعمل میں تبدیلی لانا بھی ضروری ہے، معلوم ہے آئینی ترمیم لانا مشکل ہے، پہلے صرف وکیلوں کی سیاست ہوتی تھی، اب ججز کی سیاست بھی ہوتی ہے۔