پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے میانوالی ریڈ زون سے زیادہ اہم علاقہ ہے، تمام راستے، انٹر نیٹ بند ہے جبکہ کئی شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ میانوالی، بہاولپور، فیصل آباد میں ورکرز کو گرفتار کیا جا رہا ہے، مضافاتی علاقوں میں پنجاب پولیس غاصب فورس کا رویہ اختیار کر رہی ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ رات سے پنجاب پولیس گھروں میں گھس کر ٹارگٹ پورے کر رہی ہے، میانوالی جانے والے سب راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک روٹ کو بھی کنٹینرز سے بند کر دیا گیا ہے، بیراج سے آنے والے تمام راستوں کو بند کر دیا ہے، کل رات بہت سارے علاقوں میں انٹر نیٹ سروس بھی بند کر دی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ ممبر صوبائی اسمبلی سمیت تنظیمی عہدیداروں کو گرفتار کر لیا ہے، عدالت سے ضمانتوں پر رہا ہونے والوں کو بھی اٹھا لیا گیا ہے، فیصل آباد میں سیکڑوں شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے آج فیصل آباد، بہاولپور اور میانوالی میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے، جس کے بعد ان علاقوں میں پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔