• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص احتجاج کی کالز دے رہا ہے، مریم نواز


وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج پنجاب میں اپوزیشن کی کئی مقامات پر احتجاج کی کوشش ناکام ہوئی، اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص احتجاج کی کالز دے رہا ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں کی اجازت مل سکتی ہے، دہشتگردی کی اجازت نہیں ملے گی، جیل سے یہی پیغام ملتا ہے کہ وہاں حملہ کردو، پولیس والوں کا سر پھاڑ دو، ابھی بھی کچھ لوگ انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، کسی کو گالی دینا نہیں چاہتی، میری ایسی تربیت نہیں، پنجاب میں ان کی کال پر کوئی نہیں نکلا، کے پی سے لوگ لاتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ جو جیل میں بند ہے کبھی سنا اس نےکہا ہو کہ کے پی میں مفت میں دوائی دو، کبھی سنا جیل سے پیغام آیا ہو کہ روٹی سستی کرنی ہے، جیل سے کبھی سنا ہیلتھ کارڈ، کسان کارڈ دے دو، ہمیشہ سنا کہ آگ لگا دو، پولیس والوں کے سر پھاڑ دو۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بہت خوشی ہے کہ ڈیڑھ ماہ کی قلیل مدت میں قرضے کی پہلی قسط دینےجا رہے ہیں، نواز شریف کی حکومت پر لوگوں کا اعتماد ہے، اگلے پانچ سال میں 5 لاکھ گھر بنیں گے، ہم نے اس کا طریقہ کار انتہائی آسان بنا دیا ہے، اگلے 5  سالوں میں 5 لاکھ گھروں کےلیے 5 لاکھ لوگوں کو قرض دیں گے، درخواست گزاروں سے صرف شناختی کارڈ کی کاپی لی جارہی ہے،  اسکیم 100 فیصد قرعہ اندازی پر ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ کوشش ہے کہ عوام کی جیبوں پر کم سے کم بوجھ پڑے، کوئی خفیہ چارجز نہیں، ہم عوام کو تکلیف سے بچانا چاہتے ہیں، ضد کرکے نواز شریف کو تقریب میں شرکت کےلیے لائی ہوں، پنجاب کی حکومت ہو یا وفاق کی ہر شخص کے خواب پورے ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید