وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو 2025ء کے لیے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارک باد دی۔
ملائیشین وزیرِ اعظم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر، پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیر مقدم کیا۔
انور ابراہیم نے پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔
اس سے قبل ملائیشیا کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم کا وزیرِ اعظم شہباز شریف نے استقبال کیا تھا۔
اس موقع پر ملائیشیا اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔
وزیرِ اعظم ہاؤس آمد پر داتو سری انور ابراہیم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم اپنے 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔
اسلام آباد پہنچنے پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو سلامی دی۔
روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو پھول پیش کیے۔