انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر حاضری نہ لگوانے پر اڈیالہ جیل حکام کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے کی۔
اس موقع پر خرم شہزاد، عامر محمود کیانی اور جمشید مغل انسداد دِہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔
جج طاہر عباس سِپرا نے استفسار کیا کہ اسد عمر آئے ہیں؟ کہاں ہیں؟
وکیلِ صفائی آمنہ علی نے کہا کہ اسد عمر مقدمے سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
جج طاہر عباس سِپرا نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی حاضری کے حوالے سے رپورٹ آئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ دستیاب نہیں، آن لائن حاضری نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز بھی یہی رپورٹ آئی تھی، شوکاز نوٹس جاری کیا تھا آج بھی کر رہا ہوں، نوٹس میں لکھوں گا اگر انٹرنیٹ نہیں تو بانیٔ پی ٹی آئی کو عدالت پیش کریں۔
بعد ازاں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔