صدر مملکت آصف علی زرداری اور ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور بلاول بھٹو زرداری نے بھی موجود تھے۔
پاکستان اور ملائیشیا نے تجارت، بینکنگ سیکٹر، فوڈ ٹیکنالوجی اور زراعت میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تعاون پر بھی اتفاق کیا۔
صدر مملکت نے کہا پاکستان، ملائیشیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم کے دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
صدر مملکت نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینی عوام کیخلاف مظالم سے روکنے کیلئے اقدامات کرے۔
اس موقع پر ملائیشیا کے وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم شہباز شریف سے بہت اچھی بات چیت ہوئی۔
صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو نشان پاکستان سے نوازا
صدر مملکت نے خصوصی تقریب میں ملائیشیا کے وزیراعظم کو نشان پاکستان کا ایوارڈ عطا کیا۔
اعلامیہ ایوان صدر کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم، علامہ اقبال کے بارے میں پڑھنے کے شوقین ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم انور ابراہیم پورے سیاسی کیریئر میں انسانی مقاصد اور اسلامی اقدار کے حامی رہے ہیں۔
اعلامیہ ایوان صدر کے مطابق ملائیشیا کے وزیر اعظم حقِ خود ارادیت کی تحریکوں کے حامی رہے ہیں، صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیراعظم اور اُن کے وفد کیلئے عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔