پاکستانی کوہ پیماء سرباز خان نے ملکی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔
سرباز خان وہ پہلے پاکستانی بن گئے ہیں جنہوں نے 8 ہزار میٹر سے بلند دنیا کی تمام 14 چوٹیوں کو سر کر لیا ہے، جو کہ ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔
تازہ ترین کامیابی میں سرباز علی نے 8027 میٹر بلند شیشا پنگما چوٹی کو سر کر لیا، جو ان کی 14 ویں ایٹ تھاؤزنڈر چوٹی ہے۔
اس چوٹی کو سر کرنے کے بعد وہ دنیا کے ان چند کوہ پیماؤں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔
سرباز خان کا یہ سفر 2017ء میں نانگا پربت کی چوٹی سر کرنے سے شروع ہوا تھا اور اس کے بعد انہوں نے کے 2، لوٹسے، ایوریسٹ سمیت دنیا کی خطرناک ترین چوٹیوں کو سر کیا۔
اہم بات یہ ہے کہ سرباز خان نے ان چوٹیوں میں سے 11 کو بغیر مصنوعی آکسیجن کے سر کیا، جو ایک انتہائی مشکل اور خطرناک کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔
سرباز خان نے 2023ء میں چو اویو کی چوٹی کو بھی سر کیا اور اب شیشا پنگما کو سر کر کے وہ پہلے پاکستانی بن گئے ہیں جنہوں نے یہ تاریخی ہدف مکمل کیا ہے۔
وادی ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سرباز خان کے تمام 8 تھاؤزنڈر کی تفصیلات یہ ہیں۔
1۔ نانگا پربت (8126 میٹر) تاریخ: 2 اکتوبر 2017
2۔ کے ٹو (8611 میٹر) تاریخ: 22 جولائی 2018
3۔ لوٹسے (8516 میٹر) تاریخ: 14 مئی 2019
ریکارڈ: لوٹسے سر کرنے والے پہلے پاکستانی
4۔ براڈ پیک (8051 میٹر) تاریخ: 11 جولائی 2019
ریکارڈ: بغیر مصنوعی آکسیجن کے چوٹی سر کی
5۔ مناسلو (8163 میٹر) تاریخ: 25 ستمبر 2019
ریکارڈ: ماناسلو سر کرنے والے دوسرے پاکستانی
6۔ اناپورنا (8091 میٹر) تاریخ: 16 اپریل 2021
ریکارڈ: اناپورنا سر کرنے والے پہلے پاکستانی
7۔ ماؤنٹ ایوریسٹ (8849 میٹر) تاریخ: 12 مئی 2021
8۔گیشر برم II (8035 میٹر) تاریخ: 18 جولائی 2021
9۔ دھولاگیری (8167 میٹر) تاریخ: 1 اکتوبر 2021
ریکارڈ: دھولاگیری سر کرنے والے پہلے پاکستانی
10۔ کینچنجنگا (8586 میٹر) تاریخ: 7 مئی 2022
ریکارڈ: 10 ایٹ تھاوزنڈر سر کرنے والے پہلے پاکستانی
11۔ مکالو (8481 میٹر) تاریخ: 28 مئی 2022
ریکارڈ: مکالو سر کرنے والے پہلے پاکستانی
12۔ گیشر برم I (8080 میٹر) تاریخ: 12 اگست 2022
ریکارڈ: گاشر برم I سر کرنے والے پہلے پاکستانی
13۔ چو اویو (8188 میٹر) تاریخ: 2 اکتوبر 2023
ریکارڈ: 13 ایٹ تھاوزنڈر چوٹی سر کرنے والے پہلے پاکستانی
14۔ شیشاپنگما (8027 میٹر) تاریخ: 4 اکتوبر 2024
ریکارڈ: تمام 14 ایٹ تھاوزنڈر سر کرنے والے پہلے پاکستانی
یہ تمام چوٹیوں کو سر کرنے کا کارنامہ سرباز خان کے عزم، مہارت اور بہادری کا مظہر ہے، جو پاکستان کو عالمی سطح پر کوہ پیمائی میں نمایاں مقام دلاتا ہے۔