وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے پی ہاؤس میں موجود نہیں، وہاں سے بھاگ گئے تھے۔
ڈی چوک پر پی ٹی آئی احتجاج کے دوران مظاہرین کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ علم نہیں کہ علی امین کے پی پہنچ گئے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ہاؤس سے علی امین کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے، وہ ہماری حراست میں نہیں ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین کسی اور ادارے کی حراست میں بھی نہیں، وہ خود بھاگے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس کا ایک اہلکار تشویش ناک حالت میں تھا، آج اس نے جام شہادت نوش کیا، جو جو شہید کے قتل میں ملوث ہے ان میں سے کوئی بھی نہیں بچے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ شہید کی فیملی میں دو بیٹے ہیں، ایک بیٹے کو پولیس میں بھرتی کریں گے، شہید کی فیملی کو ایک پلاٹ دیں گے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ہم نے 2، 3 چھاپے مارے تھے، شک تھا کہ وہ موجود ہوں گے لیکن وہ وہاں نہیں تھے۔