اسرائیل میں بس اسٹیشن پر بنے بین الاقوامی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون پولیس افسر ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت سارجنٹ شیرا سسلیک سے کی گئی ہے، جو 19 سالہ سرحدی پولیس افسر تھی۔ وہ اس وقت ہلاک ہوئیں جب ایک بندوق بردار نے جنوبی شہر کے مرکزی بس اسٹیشن کے ریسٹورنٹ میں گھس کر اندر موجود لوگوں پر فائرنگ کی۔
مقامی میڈیا کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے پانچ افراد معمولی زخمی ہوئے۔
اسرائیلی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ حملہ آور کو موقع پر ہی مار دیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا حملہ آور نے فائرنگ کے ساتھ چاقو کا بھی استعمال کیا تھا۔