پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کو گزشتہ روز ایکسپریس چوک سے گرفتار کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاج اور ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ڈی چوک سے پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان سمیت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی گرفتار کیا تھا۔
علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو حراست میں لے کر تھانا ویمن منتقل کردیا گیا تھا جبکہ گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کو تھانہ کوہسار منتقل کیا گیا تھا۔
گرفتاری کے موقع پر صحافی نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان سے سوال کیا تھا کہ کیا کہیں گی آپ؟ جس کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ گرفتار کرنا ہے تو کر لیں۔
عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف تھانا کوہسار میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمے میں دہشت گردی، کارسرکار میں مداخلت، اقدام قتل، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں۔ علیمہ خان اور عظمیٰ خان و دیگر پر 16 مختلف نوعیت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔
دوسری جانب حافظ آباد میں پی ٹی آئی کے 60 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، 5 کارکن گرفتار ہیں، ملزمان پر احتجاج اور حکومت کے خلاف اکسانے کا الزام ہے۔
ادھر تحریک انصاف سندھ کے ترجمان نے کہا کہ سندھ بھر میں پولیس نے 20 سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔ کارکنوں کو ہراساں کرنے کے لئے بلا جواز چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے مطابق ان کے 3 اہلکاروں کو حسن ابدال پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔ ایک فائر وہیکل بھی تحویل میں ہے۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی ترجمان کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ کوئٹہ پٹیل باغ میں تحریک انصاف کے صوبائی سیکرٹریٹ کو سیل کردیا گیا۔