بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ ریکھا کے شوہر کی موت کے بعد بھی مانگ میں سندور لگانے کی وجہ سامنے آ گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریکھا کو پہلی بار 1980ء میں رشی کپور اور نیتو کپور کی شادی کے موقع پر سندور لگائے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
اُنہیں سندور لگائے دیکھ کر شادی میں شریک سب ہی مہمان حیران رہ گئے تھے۔
اس موقع پر ریکھا نے شادی میں آئے مہمانوں کو بتایا کہ میں نے سندور فلم کی شوٹنگ کے لیے لگایا تھا اور یہاں آتے ہوئے جلدی میں اسے ہٹانا بھول گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد اداکارہ کو اکثر تقریبات میں سندور لگائے دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 1982ء میں اس وقت کے بھارتی صدر نیلم سنجیوا ریڈی نے ریکھا کو نیشنل ایوارڈ سے نوازتے ہوئے ان سے پوچھا کہ آپ کی مانگ میں سندور کیوں ہے؟
اداکارہ نے بھارتی صدر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں جس شہر سے آئی ہوں وہاں مانگ میں سندور لگانا فیشن ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریکھا نے 1990ء میں دہلی کے صنعت کار مکیش اگروال سے شادی کی تھی اور شادی کے صرف 7 ماہ بعد اداکارہ کے شوہر نے خودکشی کر لی تھی۔
ریکھا کا تعلق ہندو مذہب سے ہے اور ہندو مذہب میں کوئی بھی بیوہ خاتون شوہر کی موت کے بعد مانگ میں سندور نہیں لگاتی لیکن اداکارہ کو شوہر کی موت کے بعد بھی مختلف تقریبات میں مانگ میں سندور لگائے دیکھا گیا ہے۔
ریکھا کے مداح اکثر تجسس کا شکار رہتے ہیں کہ وہ شوہر کی موت کے بعد بھی سندور کیوں لگاتی ہیں؟
اس حوالے سے اداکارہ نے کئی بار مداحوں کے سوالات کے جواب بھی دیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریکھا نے 2008ء میں بھارتی میڈیا کی جانب سے اس بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ لوگ شوہر کی موت کے بعد بھی میری مانگ میں سندور لگانے کی وجہ سے باتیں بناتے ہیں اور طرح طرح کے سوالات کرتے ہیں لیکن میں لوگوں کی پرواہ نہیں کرتی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سندور اس لیے لگاتی ہوں کیونکہ میری مانگ میں سندور بہت اچھا لگتا ہے اور اس سے میری خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ ریکھا ایک زمانے میں امیتابھ بچن سے بے پناہ محبت کرتی تھیں، جیا بچن کے ساتھ شادی کے باوجود بھی امیتابھ بچن کے ریکھا کے ساتھ عشق کے چرچے زبانِ زدِ عام تھے اور ان تینوں نے آخری مرتبہ 1981ء میں یش چوپڑا کی فلم ’سلسلہ‘ میں ایک ساتھ کام بھی کیا تھا۔
سالوں گزرنے کے باوجود ریکھا اور امیتابھ بچن کی محبت آج بھی خبروں کی زینت بنی رہتی ہے اور کچھ مداحوں کی جانب سے یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ریکھا کے سندور لگانے کی وجہ امیتابھ بچن ہیں۔