مصنّف: اصغر علی جاوید
صفحات: 248، قیمت: 500 روپے
ناشر : فرح پبلی کیشنز، شوکت علی روڈ، شیخو پورہ۔
فون نمبر: 4005060 - 0334
زیرِ نظر کتاب کے مصنّف ہمہ جہت بھی ہیں اور ہمہ صفات بھی۔ افسانہ نگار، سیرت نگار اور کالم نگار۔ اُنہیں علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں صدارتی ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ ’’عورت، مغرب اور اسلام‘‘نامی کتاب کی اشاعت سے اُن کی شہرت میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ زیرِ نظر کتاب ہماری تاریخ کے اُن شعرائے کرام کی نظمیہ کاوشوں کا ماحصل ہے، جنہوں نے بہترین تاثراتی نظمیں اردو ادب کو دیں۔ ان نظموں کا اختصاص یہ ہے کہ یہ وقت اور سرحدوں کی قید سے آزاد ہیں۔
اِس کتاب کو جن نظم نگاروں سے آراستہ کیا گیا ہے، اُن میں الطاف حسین حالی، نظیر اکبر آبادی، علّامہ اقبال، جوش ملیح آبادی، فیض احمد فیض، حفیظ جالندھری، اختر شیرانی، مجید امجد، کیفی اعظمی، اختر الایمان، ن-م راشد، احمد فراز، یوسف ظفر، مجاز لکھنوی، قتیل شفائی، ساحر لدھیانوی، شکیل بدایوانی، زہرہ نگاہ، افتخار عارف، امجد اسلام امجد، احمد ندیم قاسمی، حبیب جالب، پروین شاکر، عبدالحمید عدم، سلیم احمد اور دیگر شامل ہیں۔ اصغرعلی جاوید نے قطعات کے انتخاب کے ساتھ، شعرائے کرام کے سوانحی شذرے بھی قلم بند کیے ہیں، یوں کتاب کو ایک دستاویز بنا دیا گیا ہے۔ ویسے اُنہوں نے جس عرق ریزی سے یہ کام کیا ہے، اُس کی داد نہ دینا بڑی زیادتی ہوگی۔