مصنّف: ڈاکٹر محمّد امین
صفحات: 178، قیمت: 680 روپے
ناشر: بُکس اینڈ ریڈرز، ملتان۔
ڈاکٹر محمّد امین کا شمار اُن قلم کاروں میں ہوتا ہے، جنھوں نے علم و ادب کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اُن کی زندگی کے کئی حوالے ہیں اور ہر حوالہ معتبر ہے۔ اُن کی زیرِ نظر کتاب موضوع کے اعتبار سے نہایت اہم ہے۔ صوفی کی تعریف، صوفی اور خدا (صوفی اور خدا کا تعلق)، وحدت الوجودی افکار میں صوفی کا تصوّر، غیر وحدت الوجودی افکار میں صوفی کا تصوّر، صوفیانہ اخلاقیات، مرشد اور مرید جیسے عنوانات سے بھی کتاب کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
زیرِ نظر کتاب کا بنیادی حوالہ’’تصوّف‘‘ ہے، جس میں صوفی کی تخصیص سے صوفی کےاحوال و مقامات، شخصیات و مناصب، انسانِ کامل کے بارے میں نظریات، صوفیانہ فضائل اور مرشد و مرید کے آداب کو حوالوں کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ اِس سے پہلے بھی اِسی موضوع پر ڈاکر محمّد امین کی دو کتابیں ’’وجودیت اور تصوّف‘‘ اور’’مقالاتِ تصوّف‘‘کے نام سے شائع ہوچکی ہیں۔ تصوّف ایک ہمہ گیر موضوع ہے، جس کی تفہیم وہی کرسکتا ہے جو تاریخِ صوفیا سے پوری طرح آگاہ ہو۔جب کہ ڈاکٹر محمّد امین وسیع المطالعہ شخص ہیں اور اُن کی اِس کتاب نے تصوّف کے کئی نئے گوشے وا کیے ہیں۔