بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف مزید 5 مقدمات درج کرلیے گے۔
4 اکتوبر کو اسلام آباد ڈی چوک پر پی ٹی آئی کے احتجاج کے معاملے میں تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں پر نئے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف مزید 5، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور اور سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کےخلاف مزید 2 درج کیے گئے ہیں۔
ترنول میں پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مسعود مغل کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے، جس میں علی امین گنڈاپور اور بانی پی ٹی آئی سمیت 34 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
تھانہ ترنول کے مقدمے میں 350 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے، مقدمے میں دہشت گردی سمیت 13 دفعات شامل ہیں۔
اسلا م آباد کے تھانہ کراچی کمپنی میں 8 سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس میں بانی پی ٹی آئی، بیرسٹر گوہر، بیرسٹر سیف کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس مقدمے میں اعظم سواتی، خالد خورشید پر مالی معاونت کا الزام ہے جبکہ 20 دیگر افراد سمیت 250 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں 6 سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، اس مقدمے میں بانی پی ٹی آئی سمیت 50 نامعلوم افراد نامزد ہیں۔ تھانہ گولڑہ میں بھی 6 سنگین دفعات کےتحت مقدمہ درج کیا گیا، جس میں بانی پی ٹی آئی سمیت 32 افراد اور 200 نامعلوم ملزمان بھی نامزد ہیں۔
اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں 10 سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور، سابق وزیراعلی گلگت بلتستان، پی ٹی آئی رہنما ملک عامر سمیت 19 افراد اور 300 نامعلوم افراد نامزد ہیں۔