وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے میں چینی انجینئرز کی سیکیورٹی کےلیے وفاق سے وسائل مانگ لیے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں چینی باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کو چینی باشندوں کےلیے سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے 8 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کےلیے متعلقہ ادارے کام کریں۔ متعلقہ کمشنرز، آر پی اوز ہر ہفتے دو بار اجلاس منعقد کریں۔
انکا کہنا تھا کہ چینی انجینئرز کی سیکیورٹی کے سلسلے میں وفاق بلٹ بروف گاڑیوں کی فراہمی کیلئے وسائل دے۔
اجلاس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کےلیے درکار گاڑیوں کی فوری خریداری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کیا جائے۔