• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 14ویں روز ہسپانوی کامیڈی تھیٹر پیش کیا گیا

اسپین کے فنکار کامیڈی تھیٹر ’سرکل مرر ٹرانسفارمیشن‘ پیش کررہے ہیں۔
اسپین کے فنکار کامیڈی تھیٹر ’سرکل مرر ٹرانسفارمیشن‘ پیش کررہے ہیں۔

آرٹس کونسل کراچی، جیو اور جنگ کے اشتراک سے رنگا رنگ 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں جاری ہے، فیسٹیول کے 14ویں روز بین الاقوامی کامیڈی تھیٹر ’سرکل مرر ٹرانسفارمیشن‘ پیش کیا گیا۔

ڈرامہ اسپین کی بلیو بک تھیٹر کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا جس کی مصنفہ پلیٹزر انعام یافتہ اینی بیکرز اور ڈائریکٹر بی جے ایونز تھیں جبکہ تھیٹر کی کاسٹ میں مارٹی (سوفی ہائیڈیکر اور ایریکا لارین وائز)، لارین (حنا ڈی بیلا)، تھریسا (سارہ ہیلن ڈیلامور)، شلٹز (کرسٹوفر کیلی)، جیمز (ایلکس لیو) شامل تھے۔

شائقین کی بڑی تعداد اسپین سے آئے ہوئے فنکاروں کی پرفارمنس سے محظوظ ہوئی اور تالیاں بجا کر فنکاروں کو خوب داد دی۔

ڈرامہ انگریزی زبان میں پیش کیا گیا جس کا دورانیہ 90 منٹ تھا، سرکل میرر ٹرانسفارمیشن نامی یہ ڈرامہ تخلیقی صلاحیتوں کی پوشیدہ اور حیران کن طاقت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، ایک ہنستا مسکراتا شوہر، ایک چلبلی سابقہ اداکارہ، ایک بگڑی ہوئی 16 سالہ لڑکی اور ایک طلاق یافتہ کارپینٹر چھ ہفتوں کےلیے مارٹی کمیونٹی سینٹر اداکاری کے کورس میں شامل ہوتے ہیں۔

بظاہر یہ لوگ معصوم کھیل کھیلنا شروع کرتے ہیں مگر ان چھوٹے چھوٹے کھیلوں کے دوران بڑے تنازعات جنم لیتے ہیں جس کی وجہ سے ان لوگوں کے دل خاموشی سے ٹوٹتے جاتے ہیں، یہ پلیٹزر انعام یافتہ مصنفہ اداکاری کے فن کی باریکیوں کو اجاگر کرتی ہے اور تخلیقی عمل کی اُن جہتوں کو سامنے لاتی ہے جن کی بدولت ایک اداکار مختلف جذبات کو اس انداز سے پیش کرتا ہے کہ وہ اسٹیج پر حقیقت کے قریب نظر آتے ہیں۔

واضح رہے کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری 38روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ 2 نومبر تک جاری رہے گا جس کے ٹکٹ آرٹس کونسل کراچی اور ٹکٹ والا ڈاٹ کام سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

آرٹس کونسل کے ممبران 50 فیصد رعایت پر آرٹس کونسل سے بآسانی ٹکٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید