پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے قوم کو بچالیا ہے، آنےوالے دنوں میں قوم کو خوشخبری ملے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی ایک بار پھر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی جس میں آئینی ترمیم اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں آئینی ترامیم اور ملکی موجودہ سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کا ڈرافٹ آ جائے تو بات کریں گے ابھی تک حکومت سے ڈرافٹ شیئر نہیں کیا قوم پارلیمان اور آزاد عدلیہ کیلئے ہم سب متحد ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے تاریخی اسٹینڈ لیا ہے آنے والے دنوں میں قوم کو خوشخبری ملے گی، ہمارے تمام ارکان ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے پہلے بھی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔