پاکستان میں ایس سی او اجلاس کے دوران غیرملکی سفارتکاروں کو نقل و حرکت محدود رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے متعلق دفترِ خارجہ نے غیر ملکی سفارت کاروں کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہو رہا ہے۔
دفترِ خارجہ نے خط میں کہا ہے کہ حکومت نے اجلاس کے معززین اور مندوبین کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایس سی او اجلاس کے دوران تمام سفارت کار اپنی نقل و حرکت محدود رکھنے پر غور کریں، غیر ملکی سفارت کار اپنی سرگرمیوں کو ریڈ زون اور ڈپلومیٹک انکلیو تک محدود رکھیں۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ غیر ملکی سفارتی مشنز ٹریفک پولیس کے جاری ٹریفک پلان کو فالو کریں، وزارتِ خارجہ ایس سی او اجلاس کامیاب بنانے میں سفارتی مشنز کے تعاون کا خواہاں ہے۔