• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ نے جرگہ سے کالعدم تنظیم کے ساتھ بات کرنے کا اختیار مانگا، ذرائع


وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت گرینڈ جرگے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

 ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے جرگہ سے کالعدم تنظیم کے ساتھ بات کرنے کا اختیار مانگا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مذاکرات کیلئے دوسرے فریق کے ساتھ زمین پر بیٹھنے کو بھی تیار ہوں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اب تک جو کارروائی ہوئی اس پر ریاست کی وجہ سے خاموش رہا، مزید جو کچھ ہوگا تو مجھ سے پوچھا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ میزبانی کرلیں، مذاکرات پر ہمیں اعتراض نہیں، وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ میں جرگہ بناؤں گا اور دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کالعدم تنظیم ریاست کے خلاف نہ جائے، کوشش ہوگی کہ کم سے کم وقت میں مسئلہ حل کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشتون قومی جرگہ کے انعقاد کے حق میں بات کی، وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلی کو کہا کہ جرگے کی ذمہ داری آپ کی خود کی ہوگی، وزیر داخلہ نے جرگہ میں ریاست کے خلاف نعرے بازی کے خدشے کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے زیر انتظام جرگے کی اجازت کیسے دیں؟ جس کے جواب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جرگہ پشتون قبیلوں کا ہے، کالعدم تنظیم کا نہیں، وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر جرگے میں ریاست کے خلاف تقاریر ہوئیں تو آپ ذمہ دار ہوں گے، جواب میں وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ  ریاست کے خلاف نعرے اور تقاریر کے ہم بھی خلاف ہیں، ریاست کے خلاف کچھ نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ  آپ یہ یقینی بنائیں گے کہ یہ جرگہ پشتون قبیلوں کے مسائل کیلئے ہوگا، یہ کالعدم تنظیم کا نہیں۔

قومی خبریں سے مزید