دنیا بھر میں موجود 37 کروڑ لڑکیاں یا خواتین ایسی ہیں جنہیں 18 سال کی عمر سے پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
لڑکیوں کے عالمی دن پر یونیسیف کی رپورٹ میں 37 کروڑ لڑکیوں کو 18 سال کی عمر سے پہلے زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کم از کم 65 کروڑ خواتین کو زبانی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا، اس سال لڑکیوں کے عالمی دن کی تھیم ’’مستقبل کےلیے لڑکیوں کا وژن‘‘ ہے، یہ دن منانے کا مقصد لڑکیوں کو در پیش مسائل اور چیلنجوں کو اجاگر کرنا ہے۔
لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں ہر 8 میں سے 1 لڑکی کسی نا کسی شکل میں جنسی زیادتی کی شکار ہوئی، اگر آن لائن یا زبانی تشدد کو بھی شامل کیا جائے تو ان کا شکار ہونے والی لڑکیوں اور خواتین کی تعداد دنیا بھر میں 650 ملین تک پہنچتی ہے۔
زیادہ تر جنسی تشدد نابالغوں کے ساتھ ہوتا ہے۔ ایسی زیادتیوں میں غیر معمولی اضافہ 14 تا 17 سال تک کی عمر کے درمیان دیکھنے میں آتا ہے۔
یونیسیف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بچوں کے خلاف جنسی تشدد ہماری اخلاقیات پر ایک دھبہ ہے۔