کراچی میں 6 اکتوبر کو ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرا دی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خودکش دھماکے میں کالعدم تنظیم ملوث ہے، دہشت گردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا۔
رپورٹ کے مطابق نامعلوم دہشت گرد نے اپنی گاڑی کو چینی باشندوں کے کانوائے کی گاڑیوں کے قریب لا کر دھماکا کیا، دھماکے میں 2 چینی باشندوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 12 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ ایئر پورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خودکش دھماکا آؤٹر ٹرمینل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا، پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی۔
رپورٹ کے مطابق خودکش دھماکے کی ذمے داری کالعدم تنظیم نے قبول کر لی ہے، دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں۔