مرتب: محمّد ہمایوں ظفر
میرے نانا جان، سیّد اخلاق حسین زیدی اگست 1956ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ 1974ء میں میٹرک اور1979ء میں گورنمنٹ نیشنل کالج، شہیدِ ملّت روڈ، کراچی سے انٹرمیڈیٹ کیا۔ بعدازاں، جنوری 1985ء میں اے جی پی آر، اسلام آباد میں ملازمت اختیار کی اور وہاں31سال خدمات انجام دینے کے بعد اگست 2016ء میں ریٹائر ہوگئے۔
وہ نعت خوانی اور شوقیہ فوٹو گرافی کے ضمن میں اپنی خداداد صلاحیتوں کے باعث اپنے ادارے میں ریٹائرمنٹ تک مقبول رہے۔ میرے پیارے نانا آج بھی انتہائی خوش الحانی سے نعت خوانی، منقبت اور سوز وسلام پیش کرتے ہیں، خصوصاً راول پنڈی، اسلام آباد کی ادبی، سماجی و مذہبی تقریبات میں تو ان کی شرکت لازمی ہوتی ہے، بالخصوص ذکرِ شہادتِ اِمامِ عالی مقام اور عزا مجالس میں ہمیشہ پیش پیش اور سرگرم رہتے ہیں۔
میرے نانا کی وضع دار شخصیت اور غیر معمولی قابلیت کے باعث ادبی و دینی حلقوں میں ان کا بہت احترام کیا جاتا ہے۔ بچپن میں انہیں لکھنے لکھانے کاخاصا شوق رہا ہے۔ متعدد تحریریں بھی مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوچکی ہیں، خاص طور پر بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار کے حوالے سے تحریر کردہ ان کے ایک تحقیقی مضمون کو کافی پزیرائی ملی۔ زمانۂ طالب علمی میں اسکول کے بین الجماعتی مقابلہ ٔ نعت خوانی میں بڑھ چڑھ کر حصّہ لیتے اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرتے۔
یہ سلسلہ کالج میں بھی جاری رہا اور متعدد بار نعت خوانی کے مقابلوں میں کالج کی نہ صرف نمائندگی کی بلکہ نمایاں پوزیشن اور انعامات بھی حاصل کیے۔ میرے نانا کو پاکستان کی نام وَر شخصیات سے ملنے، ان کے ساتھ تصاویر کھنچوانے اور آٹو گراف لینے کا بھی بہت شوق ہے۔ ملک کی اہم شخصیات مثلاً پاکستان کے پہلے وزیرِاعظم، قائدِ ملت، خان لیاقت علی خان، پاکستان کے سابق صدر، غلام اسحاق خان، سابق گورنر سندھ، بیگم رعنا لیاقت علی خان اور حکیم محمد سعید سمیت دیگر اہم شخصیات کے ساتھ تصاویر ان کے البم کی زینت ہیں۔
نانا نے کراچی میں قیام کے دوران جب مجالسِ عزا اور جلوسوں میں سوز و سلام اور نوحہ خوانی کا آغاز کیا، تو خوش قسمتی سے ابتدا ہی میں معروف سوز خواں، استاد مظفر حسین جعفری کی رہنمائی میسّر آگئی، جن سے انھیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ بعدازاں، اسلام آباد منتقل ہوئے، تو وہاں بھی سوزو سلام، منقبت اور مرثیہ خوانی کا سلسلہ جاری رکھا۔
انھیں معروف عزادار تنظیموں کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی کانفرنسز اور تقریبات میں نعت، منقبت و سلام پڑھنے کا اعزاز حاصل ہے، تو مختلف ٹی وی چینلز ان کی آواز میں کئی نعتیں بھی ٹیلی کاسٹ کرچکے ہیں۔ اللہ تعالیٰ میرے نانا کو مزید توفیقات و کام یابیاں اور طویل عمر عطا فرمائے، (آمین)۔ (سیّد حیدر عباس نقوی، اسلام آباد)