امریکی عدالت نے سابق امریکی فوجی کو داعش کو معلومات فراہم کرنے اور امریکی فوجیوں پر حملہ کرنے کے الزام میں 14 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کول بریجز 2019 میں فوج میں شامل ہوا تھا وہ 2020 میں داعش کو معلومات فراہم کرنے کی کوششوں میں شامل ہوا۔
اس پر الزام تھا کہ اس نے داعش کو مادی مدد فراہم کرنے اور امریکی فوجیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی میں مدد کرنے کی کوشش کی۔
کول بریجز نے داعش کے جنگجوؤں کو فوجی تربیت، امریکی فوج کی جنگی حکمت عملی اور معلومات فراہم کیں تاکہ وہ امریکی فوجیوں پر حملے کرنے میں کامیاب ہو سکیں۔
ملزم نے پچھلے سال جون میں اس بات کا اقرار کیا تھا کہ اس نے ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کو مادی حمایت فراہم کرنے اور امریکی فوجیوں کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
امریکی محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ اوہائیو سے تعلق رکھنے والے اس فوجی کو گزشتہ جمعہ کو 14 سال قید کے ساتھ رہائی کے بعد 10 سال نگرانی کی سزا بھی سنائی گئی۔