پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما نوید قمر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم آئینی ترمیم سے متعلق کافی قریب آگئے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں نوید قمر نے کہا کہ آئینی عدالت وقت کی ضرورت ہے، حکمران اتحاد آئینی ترمیم سے متعلق کافی قریب آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ چیزیں رہتی ہیں، امید ہے کہیں نہ کہیں بات بن جائے گی، ساری باتوں کا جواب جمعیت علماء اسلام (جےیو آئی) اور پیپلز پارٹی کے جوائنٹ مسودہ میں ہوگا۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ مذاکرات میں دونوں طرف سے لچک دکھانی پڑتی ہے، امید ہے جے یو آئی سے معاملات طے پاجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے مطابق ان کے نمبرز پورے ہیں، ہماری اطلاعات کے مطابق بھی حکومت کے پاس نمبر پورے ہیں۔ ہم نہیں چاہتے مانگے تانگے والے نمبرز ہوں، ہم چاہتے ہیں سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہو۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی ہوں وہاں مولانا بھی آن بورڈ ہوں۔