• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل ڈی چوک پر پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال برقرار ہے، شعیب شاہین


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ کل ڈی چوک پر پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال برقرار ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوا تو اس کی ذمے دار حکومت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ذاتی معالج اور گھر والوں سے ملاقات کروا دیں، ہمیں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق تشویش ہے، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہماری معلومات مستند ہیں، اللّٰہ کرے ہماری انفارمیشن اور تشویش غلط ہو، ہم کہہ رہے ہیں کہ ہماری تسلی کروا دیں۔

شعیب شاہین نے کہا کہ جب اجلاس میں بیٹھتے ہیں تو اختلاف رائے ہوتا ہے، فیصلے میں اکثریتی رائے کو فوقیت حاصل ہوتی ہے، پارٹی کا احتجاج کا فیصلہ ابھی تک تبدیل نہیں ہوا، حکومت کا مقصد مزید کارکنوں کو گرفتار کرنا ہے۔

اس سے قبل سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ کل ڈی چوک پر احتجاج کے معاملے پر پارٹی میں اختلاف رائے ہیں۔

ایک انٹرویو میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ان سمیت ایک رائے یہ ہے کہ پاکستان میں مہمان آئے ہوئے ہیں اس لیے ہمیں احتجاج ایک دو دن مؤخر کردینا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ دوسری طرف رائے یہ ہے کہ احتجاج کا یہی درست وقت ہے تاکہ دنیا کو پتہ چلے کہ ہمارے ساتھ کیا زیادتیاں ہورہی ہيں۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ حکومت نے بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جبکہ یہ جائز مطالبہ تھا۔

قومی خبریں سے مزید