صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں معیشت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط، اہم شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدرِ مملکت نے پاک چین تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم جز ہے، پاک چین تعلقات کو وسعت دینے کی مزید گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی کمپنیوں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا چاہیے، سی پیک اور گوادر پورٹ کی مدد سے چین کی اقتصادی ترقی سے استفادہ کرنے کا وقت آگیا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ نومبر میں چین کا دورہ کروں گا، پرانے دوستوں کے ساتھ رابطہ اور تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے بات چیت کا منتظر ہوں پاکستان کو باہمی اہمیت کے اہم مسائل پر چین کی ہمیشہ غیر متزلزل حمایت حاصل رہی۔
صدرِ مملکت نے دہشت گردانہ حملے میں 2 چینی شہریوں کی ہلاکت پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دلخراش واقعہ پوری قوم کے لیے تکلیف کا باعث بنا، دشمن چینی شہریوں کو نشانہ بنا کر دوطرفہ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاک چین دوستی کے دشمن سی پیک منصوبوں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دشمن اپنی مذموم کوششوں میں کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی بڑھانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چین کے وزیرِ اعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا۔
لی چیانگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے فروغ میں صدر آصف زرداری کی خدمات کے معترف ہیں، دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی، پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیرَ اعظم لی چیانگ نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا، اُمید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے، چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔