وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کراچی میں 3 روزہ ہیلتھ ایشیاء ایکسپو کا افتتاح کر دیا۔
اس 3 روزہ ہیلتھ ایشیاء ایکسپو میں 20 سے زائد کانفرنسز اور سیمینارز بھی ہوں گے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ ایشیاء ایکسپو کا انعقاد خوش آئند ہے، بیرونِ ممالک سے لوگ نمائش میں شرکت کر رہے ہیں، ہیلتھ ٹورازم کو پاکستان میں لانا خوش آئند ہو گا۔
اُنہوں نے خناق کے پھیلاؤ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خناق موسمی بیماری ہے اور ہمیشہ ہی یہ بیماری آتی ہے، اس کے لیے ویکسینیشن کی کوریج بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیرِ صحت سندھ نے بتایا کہ سندھ میں رواں سال خناق کے 160 کیسز ہوئے جبکہ اس سے 28 اموات ہوئی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ خناق کی ویکسین موجود ہے، چکن گونیا کی ٹیسٹنگ مشکل ہے اس کی کٹس مہنگی ہیں۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ اسپرے مہم کے لیے محکمۂ صحت کی کے ایم سی سے بات ہوئی ہے۔