• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے پاس بہت بجلی ہے، یہ بجلی بھارت کو بیچنی چاہیے، نواز شریف






پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے  پاکستان اور بھارت کو تلخ ماضی پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کی تجویز دیتے ہوئے  پاکستان کی اضافی بجلی بھارت کو بیچنے کی تجویز پیش کردی۔

 ایس سی او اجلاس کی کوریج کے لیے پاکستان آئے بھارتی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بھارت کو بجلی چاہیے، پاکستان کے پاس بہت بجلی ہے، یہ بجلی ضرور بھارت کو بیچنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صرف موسمیاتی تبدیلی پر تعاون نہیں ، دونوں ملکوں کو تجارت شروع کرنی چاہیے، ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنا چاہیے۔ تعلقات اچھے ہوجائیں تو ضرورت کا سامان دو گھنٹے میں پاکستان آسکتا ہے۔

اس موقع پر موجود وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارتی پنجاب دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے پنجاب کو ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھنے کو مل سکتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کو چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنا چاہیے، بھارتی کرکٹ ٹیم سے پوچھیں تو وہ بھی کہیں گے پاکستان آ کر کھیلنا ہے، کرکٹ کھیلنے پر راضی بھارتی کرکٹ ٹیم کو اجازت دینے والے اجازت نہیں دیتے، بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی تو کرکٹ کے لیے بہت اچھا ہوگا۔





نواز شریف نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اگر ایس سی او پر پاکستان آتے تو بہت اچھا ہوتا، بھارتی وزیراعظم نہیں آئے مگر وزیر خارجہ آئے یہ بھی اچھی بات ہے،  ایس سی او سے پاک بھارت تعلقات کی اچھی شروعات ہو سکتی ہے، پاکستان اور بھارت کا ماضی بہت تلخ رہا ہے، آگے دیکھیں، مستقبل کی بات کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی صحافی برکھا دت نے بھی لاہور میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کی تھی۔

قومی خبریں سے مزید