بدنامِ زمانہ بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان سے بھاری رقم کا مطالبہ کر دیا۔
بشنوئی گینگ نے دشمنی ختم کرنے کے لیے سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی سیاسی رہنما بابا صدیق کے قتل کے بعد بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کی جان کو لاحق خطرات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کے ایک مبینہ رکن کی جانب سے ممبئی ٹریفک پولیس کو واٹس ایپ پیغام موصول ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ پر موصول ہونے والے پیغام میں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
مذکورہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور دیرینہ دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو 5 کروڑ بھارتی روپے ادا کریں، اِس دھمکی کو ہلکا نہ لیں، بصورتِ دیگر اداکار کا حال مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیق سے بھی بدتر ہو گا، جنہیں حال ہی میں بشنوئی گینگ نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے اِس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سلمان خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔