بالی ووڈ کے سُپر اسٹار اداکار سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی نے ان کے جانی دشمن، ان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے لارنس بشنوئی سے زوم کال پر بات چیت کرنے کے لیے درخواست کر دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوٹو اینٖڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ سومی علی نے لارنس بشنوئی کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے بات چیت کے لیے ان کا فون نمبر مانگ لیا۔
سومی علی نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں واضح کیا ہے کہ یہ پیغام صرف لارنس بشنوئی کے لیے ہے، انہوں نے لکھا ہے کہ نمستے لارنس بھائی! میں نے سنا اور دیکھا ہے کہ آپ جیل سے بھی زوم کالز کرتے ہیں، اس لیے میں آپ سے چند چیزوں پر بات کرنا چاہتی ہوں، براہِ کرم مجھے بتائیں کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے؟
اداکارہ نے لکھا ہے کہ پوری دنیا میں میری پسندیدہ جگہ راجستھان ہے، میں عبادت کے لیے آپ کے مندر آنا چاہتی ہوں، لیکن اس سے پہلے ایک زوم کال ہو جائے اور عبادت کے بعد کچھ باتی بھی کرنی ہیں۔
سومی علی کے مطابق یہ باتیں لارنس بشنوئی کے فائدے کی ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لارنس بشنوئی سے فون نمبر مانگتے ہوئے لکھا ہے کہ اپنا موبائل نمبر دے دیجیے بڑا احسان ہو گا، شکریہ۔
خیال رہے کہ ممبئی پولیس نے اپریل میں سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کے واقعے کے بعد انہیں قتل کرنے کی مبینہ سازش کی تحقیقات کے دوران لارنس بشنوئی گینگ کے رکن سکھا کو گرفتار کیا تھا، جسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
سومی علی اور سلمان خان 1990ء کی دہائی میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔
بشنوئی گینگ کے ہاتھوں بھارتی سیاستدان بابا صدیق کے قتل اور سلمان خان کو اسی گینگ سے ملنے والی مسلسل دھمکیوں کے تناظر میں سومی علی کی گینگسٹر لارنس سے بات کرنے کی درخواست سے کئی خدشات جنم لے چکے ہیں۔