لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں جے آئی ٹی کے سابق رکن ایس پی سیف المرتضیٰ کی غیر موجودگی کی وجہ سے سماعت ملتوی کر دی۔
جج ارشد جاوید نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت کی جس کے دوران جے آئی ٹی کے سابق رکن ایس پی سیف المرتضیٰ شہادت قلم بند کروانے کے لیے پیش نہیں ہوئے۔
پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ سیف المرتضیٰ کی آنکھ کا آپریشن ہے اس لیے وہ شہادت قلم بند کروانے کے لیے پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہ سیف المرتضیٰ کو طلب کر لیا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر پاکستان عوامی تحریک کے وکیل مخدوم مجید حسین کو گواہ سے جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
اب تک مجموعی طور پر سانحۂ ماڈل ٹاؤن میں 107 گواہان کی شہادتیں قلم بند ہو چکی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے سانحے کے خلاف استغاثہ بھی دائر کر رکھا ہے۔