امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی منعم ظفر نے جامعہ کراچی کے طلباء کو سنجیدگی سے سننے اور ان کے مسئلے حل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
منعم ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بجلی کے مسئلے سے ہر شخص متاثر ہے، اب سوئی سدرن گیس کمپنی بھی اسی ڈگر پر چل رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں 14 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ گیس کے بل میں 1 ہزار روپے فکسڈ چارجز لگا دیے گئے ہیں، اب ان چارجز کو گیزر کے چارجز کا نام دے کر 2 ہزار تک کا بل بنایا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شہر سے تجاوزات ہٹانےکی بات کرتے ہیں، سڑک سے لے کر ایک ایک ہال، ایک ایک ٹھیلے والے سے بھتہ لیا جاتا ہے، اس شہر میں ٹینکر مافیا دندنا رہا ہے اور لوگوں کو کچل رہا ہے۔