خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں آئینی ترمیم کا مسودہ متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔
پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین خورشید شاہ نے کہا کہ مسودے کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق مجھے علم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے سے متعلق معاملے کو متفقہ طور پر کابینہ میں پیش کرنے کی منظوری دی، کابینہ سے منظوری پر اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن میں کامیابی کے 3 ماہ بعد دوسری شہریت چھوڑنا پڑے گی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایمل ولی خان کیوں نہیں آئے مجھے علم نہیں، پی ٹی آئی بھی اجلاس میں موجود تھی، اوورسیز پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے کا نکتہ پی ٹی آئی نے اٹھایا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ کمیٹی نے وفاقی کابینہ کو تجویز دی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کا الیکشن لڑنےکا حق ترمیم میں لیں، جو ڈرافٹ سامنے رکھا گیا پوائنٹ ٹو پوائنٹ اس پر سارے متفق ہوئے، بل پر دستخط کسی کے نہیں ہوئے، کمیٹی میں پیش کیا گیا، کمیٹی میں سب نے ہاتھ اٹھائے اور متفقہ طور پر منظور کیا۔