جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ) کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے آئینی ترمیم کے معاملے پر پارٹی ممبران کو لاپتہ کرنے کا الزام لگادیا۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں مولانا عطا الرحمان نے کہا کہ آئینی ترمیم کے معاملے پر ہمارے ممبران کو لاپتہ کیا گیا، دوسری سیاسی جماعتوں کے ممبران کو بھی غائب کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ صورت حال گھمبیر ہو رہی ہے، ایک ترمیم کےلیے کون کون سے حربے استعمال ہو رہے ہیں، کیا آئینی ترمیم کےلیے جان جوکھوں میں ڈالنی ہوگی۔
مولانا عطا الرحمان نے مزید کہا کہ سینیٹر شکور خان سے کل سے کوئی رابطہ نہیں ہے، ایسی صورتحال میں کیا یہ توقع کی جائے گی کہ ہم ساتھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کیا اس آئینی ترمیم کےلیے سودے بازی کرنا ہوگی، پارلیمان کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو بچانا ہے تو اپوزیشن کو ساتھ ملا کر چلنا ہے۔
جے یو آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ قیادت سے مشاورت کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کہتی ہے قیادت سے منظوری کے بعد آپ سے گفتگو کریں گے۔