• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، عمارت کے بیسمنٹ میں لگی آگ 5 گھنٹے بعد مکمل بجھا لی گئی

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں عمارت کے بیسمنٹ میں لگی آگ کے باعث دھواں بہت زیادہ ہوا جس کی وجہ سے فائر فائٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پانچ گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر مکمل قابو پایا گیا۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق حیدری مارکیٹ میں عمارت کے بیسمنٹ میں لگنے والی آگ مکمل طور پر بجھادی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں 6 فائر ٹینڈر، ایک اسنارکل کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا، آگ عمارت میں قائم شاپنگ مال میں کپڑے کی دکان کے گودام میں لگی تھی جس کے باعث بیسمنٹ میں دھواں بھر گیا تھا، دھواں نکالنے کے لئے ہیوی مشینری کی مدد سے راستہ بنایا گیا، آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہ ہوسکی ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق شام تقریباً ساڑھے چھ بجے عمارت کی بیسمنٹ میں آگ کی اطلاع ملی ابتدائی طور پر دو گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں لیکن اس کے بعد مجموعی طور پر 6 گاڑیوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ 

فائر بریگیڈ کو واٹر ٹینکروں کے ذریعے بھی پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی، ریسکیو 1122 حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں قائم فلیٹوں کے مکینوں کو بھی احتیاطی طور پر بلڈنگ سے نکال لیا گیا تھا جبکہ بیسمنٹ تک پہنچنے کا صرف ایک ہی راستہ تھا اور دھواں بھرنے کے باعث وہاں جانا انتہائی مشکل رہا، اس صورتحال میں ایک جگہ پر بھاری مشینری سے کچھ حصہ توڑا گیا جس کے بعد پانی پھینکا گیا۔

قومی خبریں سے مزید