• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یحییٰ سنوار کے پاس سے ملنے والے اسلحے کی تصاویر سامنے آگئیں


فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

فلسطین پر قابض اسرائیلی فوج نے حماس کے سیاسی رہنما شہید یحییٰ السنوار کے پاس موجود اسلحے کی تصاویر جاری کی ہیں، جن میں ایک اسنائپر رائفل اور مشین گنیں شامل ہیں۔

گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کو شہید کردیا تھا، یحییٰ سنوار کی شہادت جنوبی غزہ میں رفح علاقہ میں میں ہوئی۔

حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یحییٰ سنوار نے اسرائیلی فورسز سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

خلیل الحیہ نے کہا کہ یحییٰ سنوار کی شہادت سے فلسطینی مزاحمتی تحریک نے مزید جوش پکڑ لیا ہے، یحییٰ سنوار کی شہادت غاصب اسرائیل کےلیے تباہی کا پیغام ثابت ہوگی۔

اسرائیلی فوج  نے یحییٰ سنوار کی شہادت کے مقام سے ملنے والے ہتھیاروں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جن میں تین رائفلیں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ 31 جولائی 2024 کو ایران میں ایک حملے میں حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد یحییٰ سنوار کو حماس کا نیا سربراہ منتخب کیا گیا تھا۔

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
فوٹو: اسرائیلی میڈیا

غزہ میں پیدا ہونے والے یحییٰ سنوار نے تقریباً ایک چوتھائی صدی اسرائیل میں عمر قید کی سزا کاٹی۔ ان کو 1980 کی دہائی کے آخر میں اسرائیلی فوجیوں اور مشتبہ فلسطینی مخبروں کے قتل کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جیل میں انہوں نے حماس کی صفوں میں ترقی کی، عبرانی زبان سیکھی اور اپنے اسرائیلی جیلروں کا مطالعہ کیا اور حماس کے قیدی جنگجوؤں میں ایک اہم شخصیت بن گئے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید