پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے ایک بار پھر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس کے بعد پی ٹی آئی رہنما میڈیا سے بات کیے بغیر روانہ ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی وفد کی ملاقات میں آئینی ترمیم پر مشاورت ہوئی، وفد نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ترامیم پر جواب سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی کے وفد کی قیادت چیئرمین بیرسٹر گوہر کر رہے تھے، ملاقات میں بیرسٹر گوہر علی، اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ شامل تھے۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران بیرسٹر علی ظفر اور صاحبزادہ حامد رضا بھی موجود تھے ، جبکہ جے یو آئی کی جانب سے مولانا فضل الرحمان اور کامران مرتضیٰ شریک تھے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا تھا کہ کیا بانی پی ٹی آئی نے ترمیم کے لیے منظوری دی ہے۔
جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا تھا کہ اس بارے میں مولانا فضل الرحمان سے مل کر میڈیا کو آگاہ کریں گے۔