اسلام آ باد (نیوز ایجنسیاں ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آزادی مارچ کے دوران تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت متعدد رہنمائوں کو بری کردیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سول جج شہزاد خان نے بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، راجا خرم شہزاد، علی نواز اعوان سمیت دیگر تمام ملزمان کو بری کرنے کا حکم دیا۔ یاد رہے کہ مئی 2022 میں اسلام آباد میں اختتام پذیر ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تناظر میں ملک بھر میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان کے خلاف دفعہ 144 سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر درجنوں مقدمات درج کیے تھے۔