• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتی محمود کے بیٹے و بھٹو کے نواسے نے آئین کی خلاف ورزی کی: حافظ نعیم

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن ـــ فائل فوٹو
امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن ـــ فائل فوٹو

امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے میں عدلیہ پر قبضہ جمانےکی ترمیم کی گئی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ چیف جسٹس کی تقرری پارلیمانی کمیٹی اور وزیرِ اعظم کو دینا عدلیہ کو کمزور کرنا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس متفقہ آئین میں عدلیہ کی مکمل آزادی کی ضمانت دی گئی ہے، افسوس کل مفتی محمود کے بیٹے اور بھٹو کے نواسے نے آئین کی خلاف ورزی کی، اس پارلیمان کی تو حیثیت ہی فارم 47 کی پیداوار کی ہے، نواز شریف 70 ہزار ووٹ کاغذ پر لکھوا کر جیتے، ان کی بیٹی بھی ہاری ہے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ 22 سیٹوں میں سے ایم کیو ایم ایک بھی نہیں جیتی، آج عدلیہ پر پی ڈی ایم تھری حملہ آور ہوا ہے، اگر نمبر پورے تھے تو آپ کو کوئلے کی دلالی کی کیا ضرورت تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بائیکاٹ کر کے اچھا کیا، یہ مذاکرات کے آغاز میں شریک نہ ہوتی تو اچھا ہوتا، ہم قانونی مشاورت کر رہے ہیں کہ اسے کیسے چیلنج کیا جائے، اگر اعلیٰ عدلیہ تقسیم نہ ہوتی تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، عدلیہ کے جج اگر پارٹیوں کے ترجمان بنیں گے تو یہی ہو گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پارٹی کی قیادت کچھ اور بانیٔ پی ٹی آئی کچھ اور کر رہے تھے۔

اُنہوں نے سوال کیا کہ مولانا حکومت کا حصّہ بنے ہوئے ہیں اب پی ڈی ایم کا سربراہ کون ہے؟

امیرِ جماعتِ اسلامی نے یہ بھی کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آ رہی ہے، پہلے بھی آتی جاتی رہی ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم اتنا بڑا مسئلہ نہیں جتنا بڑا مسئلہ نواز شریف کا کشمیر چھوڑ کر بھارت سے بات کرنا ہے۔

قومی خبریں سے مزید