وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارٹی پر مشکل وقت آیا تو پتہ چل گیا کون غدار تھا، کون بزدل تھا اور کون نظریاتی، جن لوگوں نے وفاداریاں بدلی ہیں انہیں نہیں چھوڑیں گے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جن لوگوں نے بھی وفاداریاں بدلی ہیں ان کے نام آج رات تک سامنے آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی حکومت نے عدلیہ پر حملہ کیا جس کے پاس جائز مینڈیٹ نہیں ہے، مرضی کے بندے بٹھا کر فیصلے لیں گے تو ادارے آگے نہیں بڑھیں گے
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ غیر آئینی ترمیم صرف اشرافیہ کو فائدہ دینے کے لیے کی گئی ہے، ہمیں پتہ چل گیا کہ کون غدار تھا، کون بزدل تھا اور کون نظریاتی تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے ووٹ تو نہیں دیا مگر بانی پی ٹی آئی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، جن لوگوں نے بھی وفاداریاں بدلی ہیں انہیں نہیں چھوڑیں گے، وفاداریاں بدلنے والوں کے نام آج رات تک سامنے آجائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ جو کہتے تھے بیٹیاں سانجی ہوتی ہیں وہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر ایک لفظ نہیں بول رہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جو کہتا ہے کہ اس پر دباؤ تھا اسے استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا، ہمارے وکیل انتظار پنجوتھا کئی دنوں سے غائب ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں۔